بنگلورو،19؍اپریل(ایس او نیوز) ریاستی نائب وزیراعلیٰ ووزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اشوتھ نارائن نے بتایاکہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر یونیورسٹیوں کے امتحانات جون کے اندر منعقد کرنے کامنصوبہ ہے۔ تاہم صورت حال کاجائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیاجائے گا۔ مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کالجوں میں تعلیمی سال کے نصاب وقت پرمکمل نہ ہونے کی وجہ سے امتحانات کب اور کس طرح لئے جائیں اس تعلق سے وائس چانسلرز کی صلاح طلب کی گئی ہے۔
اشوتھ نارائن نے کہاکہ آن لائن کے ذریعہ اسباق ختم کرکے یاباقاعدہ کلاس کاآغاز کرنے کے بعد تاخیر سے امتحان منعقد کیاجائے اس پر بھی اجلاس کے دوران تبادلہ خیال کیاگیاہے۔ان کے مطابق تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، واٹس ایپ یاای۔میل کے ذریعہ اپنے خیالات پیش کریں گے۔ پریکٹیکل امتحانات کے تعلق سے بھی اجلاس میں غور کیاگیا۔
انہوں نے بتایاکہ آنے والے تعلیمی سال میں قومی تعلیمی پالیسی کے تحت تمام ڈگری اورپوسٹ گریجویٹ ڈگری کے نصاب میں اور امتحانی طرزمیں تبدیلی کامنصوبہ ہے۔ اس دوران ایک ڈگری کالج کے پروفیسر نے بتایاکہ آن لائن کلاس دیہی علاقوں کے ڈگری طلبہ کے لئے کافی مشکلات کاباعث بنے ہیں۔ اکثر کالجوں نے زوم ایپ کے ذریعہ آن لائن کلاسزکاآغاز کیاہے۔لیکن سرکاری ڈگری کالجوں میں آن لائن کلاسز کاآغاز مناسب طریقہ سے نہیں ہواہے۔ انہوں نے بتایاکہ اکثر دیہی طلبا کے پاس ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے درکار بہترین موبائل سیٹ نہیں ہیں توکئی مقامات پرنیٹ ورک کامسئلہ ہے جبکہ کئی طلبا کواس کی جانکاری بھی نہیں ہے۔